ایرانی نیوکلیئر سائٹس پر امریکی حملے کے بعد شدید عالمی ردعمل: مغربی ممالک کی حمایت

لاطینی امریکی مما لک، سعودی عرب ،عراق ،کویت کی مذمت،مشرق وسطیٰ میں جاری فوجی کارروائیاں انتہائی تشویشناک اور خطرناک قرار
لندن؍سڈنی؍ آکلینڈ؍ ہوانا؍میکسیکوسٹی؍ریاض؍بغداد(آئی این پی )ایران میں امریکی فضائی حملوں کے بعد عالمی سطح پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مشرق وسطیٰ میں جاری فوجی کارروائیوں کو انتہائی تشویشناک اور خطرناک قراردیا گیا ہے ، برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے امریکی کارروائی کی کھل کرحمایت کرتے ہوئے ردعمل میں کہا ہے کہ امریکا نے خطرے کو کم کرنے کے لیے کارروائی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کا جوہری پروگرام بین الاقوامی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہے اور دنیا ایران کو کبھی جوہری ہتھیار بنانے کی اجازت نہیں دے سکتی۔آسٹریلیا کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم واضح طور پر کہتے ہیں کہ ایران کا جوہری اور بیلیسٹک میزائل پروگرام عالمی امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔نیوزی لینڈ کے وزیر خارجہ ونسٹن پیٹرز نے حملوں پر فکرمندی ظاہر کی، تاہم انہوں نے امریکا کی مذمت نہیں کی۔ادھرسعودی عرب نے ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملے کی مذمت کرتے ہوئے مسئلے کے سیاسی حل پر زور دیا ہے۔ سعودی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی برادری نازک حالات میں بحران کے خاتمے کیلئے کوششیں کرے، ایران کے مسئلے کو سفارتکاری سے حل کیا جائے۔دوسری جانب کویت اور عراق نے بھی امریکی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے مسئلے کے سیاسی حل پر زور دیا ہے۔ عراق نے خبردار کیا ہے کہ ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں سے مشرق وسطی کے استحکام کو خطرہ ہے۔ ایران پر امریکی حملے کے بعد لاطینی امریکہ کے کئی ممالک نے واشنگٹن کی اس کارروائی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور اسے بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی صریحاً خلاف ورزی قرار دیا ہے۔کیوبا کے صدر میگل ڈیاز کینل نے امریکی بمباری کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک خطرناک اضافہ ہے جو انسانیت کو ناقابل واپسی بحران کی طرف دھکیل رہا ہے۔چلی کے صدر گیبریل بورِک نے بھی امریکا کے اقدام کو غیر قانونی قرار دیا۔میکسیکو کی وزارت خارجہ نے تنازع کو کم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا،ہم اپنی پرامن خارجہ پالیسی اور آئینی اصولوں کے تحت خطے میں کشیدگی کم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہیں۔وینزویلا کے وزیر خارجہ ایوان گِل نے ٹیلیگرام پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ وینزویلا امریکاکی جانب سے اسرائیل کی درخواست پر کی گئی اس بمباری کی سخت اور غیر مبہم الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔