کانگو میں باغی حملے کے نتیجے میں 16 افراد ہلاک

کانگو میں باغی حملے کے نتیجے میں 16 افراد ہلاک

کنشاسا: جمہوریہ کانگو کے مشرقی صوبے اتوری میں باغیوں کے ایک تازہ حملے میں کان کنوں سمیت کم از کم 16 افراد ہلاک ہو گئے، جبکہ متعدد افراد کے اغوا کی بھی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق حملہ الائیڈ ڈیموکریٹک فورسز (ADF) سے منسلک باغیوں نے صوبائی دارالحکومت بونیا سے تقریباً 165 کلومیٹر جنوب مغرب میں واقع مانڈیائٹ گاؤں میں کیا۔ حملہ سہ پہر کے وقت کیا گیا، جس کے باعث علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔مقامی انتظامی اہلکار جانویر کنیونگی نے میڈیا کو بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں بڑی تعداد ان افراد کی ہے جو قریبی سونے کی کان میں کام کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے کیونکہ آس پاس کے علاقوں سے بھی حملوں کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔حکام کے مطابق حملے سے قبل باغیوں نے اسی علاقے سے متعدد افراد کو اغوا بھی کیا، جبکہ سیکیورٹی فورسز متاثرہ علاقوں میں سرچ آپریشن اور اغوا شدگان کی بازیابی کے لیے کارروائیاں کر رہی ہیں۔

واضح رہے کہ الائیڈ ڈیموکریٹک فورسز (ADF) کو جمہوریہ کانگو کے مشرقی علاقوں میں سرگرم سب سے خطرناک مسلح گروہوں میں شمار کیا جاتا ہے، جو برسوں سے شہری آبادی پر مہلک حملوں، اغوا اور لوٹ مار میں ملوث رہا ہے۔سیکیورٹی حکام کی گزشتہ ہفتے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق جون 2026 کے دوران اے ڈی ایف کے حملوں میں 62 شہری ہلاک جبکہ 57 افراد اغوا کیے گئے، جس سے خطے کی سیکیورٹی صورتحال مزید تشویشناک ہو گئی ہے۔حکام نے حملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ متاثرہ علاقوں میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے تاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔