لیاری میں شوہر کے تشدد کا شکار نوبیاہتا شانتی دم توڑ گئی، قاتل جیل میں بند

لیاری میں شوہر کے تشدد کا شکار نوبیاہتا شانتی دم توڑ گئی، قاتل جیل میں بند

کراچی کے علاقے لیاری میں گھریلو تشدد کی ایک اور ہولناک مثال سامنے آگئی جہاں شوہر کے مبینہ بہیمانہ تشدد کا شکار 19 سالہ نوبیاہتا دلہن شانتی بالآخر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔

پولیس کے مطابق واقعہ لیاری کے شاہ بیگ لین میں پیش آیا جہاں شادی کے صرف دو روز بعد 17 جون کو شانتی پر اس کے شوہر اشوک نے مبینہ طور پر بدترین تشدد کیا۔ اہلخانہ کے مطابق تشدد اس قدر شدید تھا کہ شانتی کو فوری طور پر سول اسپتال کے ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا، جہاں وہ مسلسل کوما میں رہی اور آج زندگی کی بازی ہار گئی۔ابتدائی میڈیکل رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شانتی کے جسم کے مختلف حصے کاٹے گئے تھے، جس سے اس کی حالت انتہائی نازک ہو گئی تھی۔ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم اشوک کو گرفتار کر لیا تھا اور مقتولہ کے بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے اشوک کو عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں سے اسے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ کیس کی تفتیش جاری ہے اور مزید شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں تاکہ ملزم کو قرار واقعی سزا دلوائی جا سکے۔ دوسری جانب واقعے نے علاقے میں شدید غم و غصہ کی لہر دوڑا دی ہے۔ شہری حلقوں اور خواتین کے حقوق کی تنظیموں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ گھریلو تشدد کے خلاف سخت قوانین پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ آئندہ کسی اور شانتی کی جان نہ جائے۔