شہر کے مختلف اہم کمرشل علاقوں میں فی کنال فیس کروڑوں تک جا پہنچی ، کاروباری برادری میں شدید تشویش
لاہور (خصوصی رپورٹ)کاروباری طبقے کے لیے بری خبر ،ایل ڈی اے نے مستقل کمرشلائزیشن کی فیسوں میں مزید اضافہ کر دیا ہے،ڈی سی ریٹس بڑھنے کے بعد کمرشل فیسوں میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے،اب لاہور کے مختلف اہم کمرشل علاقوں میں فی کنال فیس کروڑوں روپے تک جا پہنچی ہے،ذرائع کے مطابق لاہور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی نے مستقل کمرشلائزیشن کی فیسوں میں ایک بار پھر اضافہ کر دیا ہے،ڈی سی ریٹ بڑھنے کی وجہ سے یہ فیسیں خود بخود اوپر چلی جاتی ہیں، جس سے کاروباری برادری میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔ حالیہ اضافے کے بعد شہریوں نے اپنی جائیدادیں کمرشل کرانے کے لیے ایل ڈی اے سے رجوع کرنا چھوڑ دیا ہے۔ایل ڈی اے کے ریکارڈ کے مطابق مستقل کمرشلائزیشن کے کیسز میں غیر معمولی کمی دیکھی جا رہی ہے،جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ کئی کاروباری افراد نے قانونی طریقہ اختیار کرنے کے بجائے غیر قانونی کمرشل سرگرمیاں شروع کر دیں۔ذرائع کے مطابق ایم ایم عالم روڈ جہاں کمرشل فیس گزشتہ برس فی کنال فیس 4 کروڑ 47 لاکھ روپے تھی ، رواں سال 4 کروڑ 71 لاکھ روپے ہے،گلبرگ مین بلیوارڈ میں پچھلے سال 4 کروڑ 60 لاکھ، اب 5 کروڑ 1 لاکھ روپے فی کنال علامہ اقبال ٹاو?ن میں گزشتہ سال 2 کروڑ 32 لاکھ، اب 2 کروڑ 42 لاکھ روپے،گارڈن ٹاو?ن میں پچھلے سال 1 کروڑ 91 لاکھ 80 ہزار، رواں سال 2 کروڑ 13 لاکھ روپے جبکہ جوہر ٹاو?ن میں گزشتہ سال 1 کروڑ 62 لاکھ، رواں سال 1 کروڑ 75 لاکھ روپے فی کنال ہوگئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اتنی بھاری فیسوں کے باعث قانونی کمرشلائزیشن کا عمل تقریباً رک گیا ہے، ایل ڈی اے کی پالیسی شہریوں کو سہولت دینے کے بجائے مشکلات کا باعث بن رہی ہے، جس کا اثر نہ صرف کاروبار بلکہ شہر کی منصوبہ بندی پر بھی پڑ رہا ہے۔