پاکستان ہاکی ٹیم کی ہاکی ورلڈ کپ کوالیفائر کے لیے انتظامیہ کی حتمی تشکیل مکمل کر لی گئی ہے، جس کا اعلان پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے صدر محی الدین وانی کریں گے۔
ٹیم کی قیادت عماد شکیل بٹ کریں گے، جبکہ دیگر اہم عہدوں کے لیے بھی اہم تقرریاں عمل میں آئیں ہیں۔ذرائع کے مطابق، خواجہ جنید کو قومی ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے، جس کے تحت ٹیم کی تربیت اور قیادت کا ذمہ دار ہوں گے۔ اظفر یعقوب اسسٹنٹ کوچ کے طور پر خدمات انجام دیں گے، اور سلطان اشرف کو ویڈیو اینالسٹ کے طور پر ٹیم کے ساتھ شامل کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، عارف حلیم فزیو کے طور پر ٹیم کے ساتھ روانہ ہوں گے، جبکہ فرخ عتیق خان کو دستے کے سربراہ کے طور پر سکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔پاکستان ہاکی ٹیم اسلام آباد میں محی الدین وانی سے ملاقات کرے گی، جس کے بعد ٹیم 24 فروری کو مصر کے لیے روانہ ہوگی۔
ہاکی ورلڈ کپ کوالیفائر کا انعقاد 1 سے 7 مارچ تک مصر کے شہر اسماعیلیہ میں ہوگا۔ اس ایونٹ میں پاکستان کی قیادت عماد شکیل بٹ کریں گے، اور ٹیم کا مقصد بہترین کارکردگی دکھا کر ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنا ہے۔واضح رہے کہ حنان شاہد ہیمسٹرنگ انجری کی وجہ سے ٹیم میں شامل نہیں ہیں، لیکن ٹیم مکمل پرعزم ہے اور میگا ایونٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے تیار ہے۔ پاکستانی ہاکی ٹیم کا ہدف ہے کہ وہ اس اہم ایونٹ میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرے اور ملک کا نام روشن کرے۔