پی ٹی آئی نے غیر حاضر رہنے والے عہدیداران اور ٹکٹ ہولڈرز کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا

پی ٹی آئی نے غیر حاضر رہنے والے عہدیداران اور ٹکٹ ہولڈرز کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اپنے بانی چیئرمین کی ضمانت کے موقع پر پارٹی ہدایات کے باوجود غیر حاضر رہنے والے عہدیداران اور ٹکٹ ہولڈرز کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق چیف آرگنائزر پی ٹی آئی پنجاب، عالیہ حمزہ نے غیر حاضر رہنے والے رہنماؤں کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے وضاحت طلب کرلی ہے۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ 21 اگست کو اڈیالہ جیل اور سپریم کورٹ میں پارٹی چیئرمین کی ضمانت کے موقع پر متعدد عہدیداران پارٹی ہدایات کے باوجود موجود نہیں تھے، جو کہ پارٹی ڈسپلن کی کھلی خلاف ورزی ہے۔نوٹس میں غیر حاضر رہنے والے ٹکٹ ہولڈرز اور تنظیمی عہدیداران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 24 گھنٹوں کے اندر تحریری وضاحت پیش کریں۔مزید کہا گیا ہے کہ اگر وضاحت تسلی بخش نہ ہوئی تو پارٹی ضابطۂ اخلاق کے تحت سخت تنظیمی کارروائی کی جائے گی۔

پی ٹی آئی کی جانب سے یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ بانی چیئرمین کے مقدمات کے دوران ٹکٹ ہولڈرز، اسٹیک ہولڈرز اور تنظیمی عہدیداران کی موجودگی کو یقینی بنانے کے لیے واضح ہدایات دی گئی تھیں، اس کے باوجود کئی افراد غیر حاضر رہے۔ذرائع کے مطابق اس فیصلے کا مقصد پارٹی ڈسپلن کو برقرار رکھنا اور بانی چیئرمین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے موقع پر غیر سنجیدگی دکھانے والوں کو آئندہ کے لیے سخت پیغام دینا ہے۔