وزیراعلیٰ مریم نواز سے ملتان کے ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز کی ملاقات

 وزیراعلیٰ مریم نواز سے ملتان کے ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز کی ملاقات

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ملتان کے ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز نے ملاقات کی، جس میں ملتان کے عوامی مسائل، جاری ترقیاتی منصوبوں اور مختلف علاقوں کی ضروریات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

 ارکان اسمبلی نے اپنے حلقوں سے متعلق تجاویز اور سفارشات وزیراعلیٰ کے سامنے پیش کیں، جن پر مریم نواز نے متعلقہ حکام کو ضروری اقدامات کی ہدایت کی۔ملاقات کے دوران ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز نے ملتان میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے جلال پور پیروالا اور نوراجہ بھٹہ فلڈ بند کی تعمیر ریکارڈ مدت میں مکمل ہونے پر بھی مریم نواز کو خراج تحسین پیش کیا۔ملاقات میں شجاع آباد اور خان گڑھ کے درمیان دریائے چناب پر پل کی تعمیر کی تجویز پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اس منصوبے سے دونوں علاقوں کے درمیان آمدورفت اور رابطہ بہتر بنانے کی تجویز سامنے آئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے موجودہ جیل کو کسی دوسری جگہ منتقل کرکے اس مقام پر عوامی پارک بنانے کی تجویز کا بھی جائزہ لینے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے خانیوال روڈ کی توسیع اور ری ڈیزائننگ کا حکم بھی دیا۔ ملاقات میں ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ کو اپنے تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں کا دائرہ کسی ایک شہر تک محدود نہیں بلکہ صوبے کے مختلف اضلاع میں آبادی کے تناسب سے منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں۔

 ان کے مطابق حکومت کا مقصد ترقیاتی وسائل کو مختلف علاقوں تک پہنچانا ہے۔وزیراعلیٰ نے پنجاب میں گرین بس سروس کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ سہولت صوبے کے دور دراز علاقوں تک پہلے پہنچی، جبکہ لاہور میں اسے بعد میں متعارف کرایا گیا۔ حالیہ دنوں میں ملتان میں الیکٹرک بس سروس بھی شروع کی گئی ہے، جسے شہری ٹرانسپورٹ کے نظام میں توسیع کے طور پر پیش کیا گیا۔مریم نواز نے صحت کے شعبے میں جاری اقدامات کے حوالے سے بتایا کہ میو ہسپتال لاہور کے بعد نشتر ہسپتال ملتان میں بھی کینسر کے علاج کے لیے کرایوایبلیشن مشین نصب کردی گئی ہے۔ تازہ رپورٹ کے مطابق نشتر ہسپتال میں کرایوایبلیشن سینٹر کے ساتھ پی ای ٹی-سی ٹی سائیکلوٹر سہولت بھی قائم کی گئی ہے، جہاں کینسر کے مریضوں کے لیے جدید تشخیصی اور علاج کی سہولیات فراہم کرنے کا منصوبہ ہے۔ملاقات میں ملتان کے ترقیاتی منصوبوں، انفراسٹرکچر، ٹرانسپورٹ اور صحت کے شعبے سے متعلق مختلف امور زیر بحث آئے، جبکہ وزیراعلیٰ نے ارکان اسمبلی کی تجاویز پر متعلقہ محکموں کو عملی اقدامات کی ہدایت کی۔