نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے ملک بھر میں ممکنہ موسمی خطرات کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق 5 مئی تک شدید گرمی کی لہر برقرار رہنے کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت غیر معمولی حد تک بڑھ سکتا ہے۔ کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، بہاولپور، ملتان اور تربت شدید گرمی کی لپیٹ میں رہ سکتے ہیں۔دوسری جانب محکمہ موسمیات پاکستان کے مطابق 24 سے 29 اپریل کے دوران بالائی اور وسطی پنجاب میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ مری، اسلام آباد، راولپنڈی، سرگودھا، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور لاہور میں آندھی اور بارش متوقع ہے۔
اسی طرح خیبر پختونخوا، شمالی بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی وقفے وقفے سے بارش اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ ساحلی علاقوں خصوصاً گوادر میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ شدید گرمی کے باعث لو لگنے اور پانی کی کمی سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں، غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں اور پانی کا زیادہ استعمال کریں۔