ناگویا: ایشین گیمز 2026 کے ہاکی ایونٹ میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ازبکستان کو 5-1 سے شکست دے دی اور ٹورنامنٹ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی۔
پاکستان نے میچ کے آغاز سے ہی جارحانہ کھیل پیش کیا اور حریف ٹیم پر دباؤ برقرار رکھا۔ محمد عماد نے 18ویں منٹ میں فیلڈ گول کرکے پاکستان کو برتری دلائی، تاہم ازبکستان کے شخروخ بختیاروف نے 30ویں منٹ میں پنالٹی کارنر پر گول کرکے مقابلہ برابر کردیا۔پاکستان نے برابری کے بعد فوری طور پر دوبارہ برتری حاصل کی۔ سفیان خان نے 33ویں منٹ میں پنالٹی کارنر پر گول کرکے پاکستان کو 2-1 کی برتری دلائی۔دوسرے ہاف میں پاکستان نے اپنی برتری مزید مستحکم کی۔ عبدالرحمٰن نے 40ویں منٹ میں گول کرکے اسکور 3-1 کردیا، جبکہ ابوبکر محمود نے 45ویں منٹ میں پنالٹی اسٹروک پر گول کرکے پاکستان کی برتری 4-1 کردی۔میچ کے اختتامی مرحلے میں سفیان خان نے ایک مرتبہ پھر پنالٹی کارنر پر گیند کو جال میں پہنچایا۔ ان کا یہ گول 57ویں منٹ میں ہوا، جس کے ساتھ ہی پاکستان نے 5-1 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔
سفیان خان نے میچ میں دو گول اسکور کیے اور پاکستان کی فتح میں نمایاں کردار ادا کیا، جبکہ محمد عماد، عبدالرحمٰن اور ابوبکر محمود نے ایک، ایک گول کیا۔پاکستان کی یہ ایشین گیمز میں مسلسل دوسری کامیابی ہے۔ اس سے قبل قومی ٹیم نے اپنے افتتاحی میچ میں تھائی لینڈ کو 9-0 سے شکست دی تھی۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے قومی ٹیم کو کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ قومی ٹیم آئندہ میچز میں بھی کامیابیوں کا سلسلہ برقرار رکھے گی۔پاکستان ایشین گیمز کے ہاکی ایونٹ میں گروپ بی کا حصہ ہے، جہاں اسے ملائیشیا، چین، ازبکستان، تھائی لینڈ اور عمان کے ساتھ رکھا گیا ہے۔