بھارت کی ریاست گجرات کے شہر ودودرا میں ایک انوکھا واقعہ پیش آیا، جس نے نہ صرف شہریوں کو حیران کیا بلکہ سڑک کے نظام کو بھی گھنٹوں کے لیے مفلوج کر دیا۔
ایک خاتون نے دو گول گپے کم ملنے پر سڑک کے بیچ دھرنا دے دیا۔ اس کا دعویٰ تھا کہ ٹھیلے والے نے اسے 20 روپے کے عوض چھ گول گپے دینے کے بجائے صرف چار دئیے۔ خاتون نے کہا کہ یہ پہلی مرتبہ نہیں بلکہ اس کے ساتھ بار بار ایسا ہوتا رہا ہے۔واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، جس میں خاتون سڑک پر بیٹھ کر اپنے ساتھ ہونے والی "ناانصافی" بیان کر رہی تھیں۔ راہ گیر اور موٹر سائیکل سوار موبائل فون نکال کر ویڈیوز بنانے لگے، جس سے موقع پر بھیڑ جمع ہو گئی اور ٹریفک گھنٹوں کے لیے جام ہو گیا۔
پولیس کو اطلاع ملنے پر اہلکار موقع پر پہنچے۔ خاتون نے پولیس کے سامنے بھی یہی مطالبہ دہرایا کہ اسے دو گول گپے مزید دیے جائیں۔ پولیس نے خاتون کو سڑک سے ہٹایا اور ٹریفک بحال کرایا، تاہم یہ تاحال واضح نہیں کہ خاتون کا مطالبہ پورا ہوا یا نہیں۔