اتر پردیش کے اُورئیہ ضلع میں ایک حیران کن اور پریشان کن واقعہ پیش آیا، جب ایک خاتون گول گپے کھاتے ہوئے اچانک اپنی جبڑوں سے متعلق ایک عجیب حالت کا سامنا کر بیٹھیں۔
کھانے کے دوران ان کا جبڑا اچانک اپنی جگہ سے ہٹ گیا، جس کے باعث ان کا منہ کھلا رہ گیا اور وہ اسے بند نہیں کر سکیں۔اس واقعہ کے فوری بعد، خاتون کو ڈسٹرکٹ جوائنٹ اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی، مگر ڈاکٹر ان کا جبڑا واپس جوڑنے میں ناکام رہے۔ اس لیے انہیں مزید علاج کے لیے دوسرے میڈیکل کالج منتقل کر دیا گیا۔ڈاکٹرز کے مطابق، خاتون کا جبڑا زیادہ منہ کھولنے کی وجہ سے اپنی جگہ سے ہٹ گیا تھا، جسے طبی زبان میں "ٹیمپورومینڈیبیولر ڈس آرڈر" (Temporomandibular Disorder — TMD) کہا جاتا ہے۔ڈاکٹرز نے بتایا کہ ایسے کیسز میں مریض کا منہ کھلا رہ جاتا ہے، اور اکثر دندان ساز یا اسپیشلسٹ کی مدد لینا پڑتی ہے تاکہ حالت کو ٹھیک کیا جا سکے۔
ٹیمپورومینڈیبیولر ڈس آرڈر (TMD) کیا ہے؟
یہ ایک طبی حالت ہے جس میں جبڑے کے ہڈیوں اور ان سے جُڑے اعصاب میں خرابی پیدا ہوتی ہے، جس سے چہرے میں درد اور دیگر مسائل جنم لیتے ہیں۔جانز ہاپکنز میڈیسن کے مطابق، یہ حالت اس وقت ہوتی ہے جب جبڑے کی ہڈی اور اس سے جُڑے اعصاب متاثر ہوتے ہیں، جس کے نتیجے میں درد، منہ کھولنے میں دشواری، اور کبھی کبھار جبڑے کا اچانک ہٹ جانا بھی واقع ہو سکتا ہے۔اس قسم کے مسائل عموماً دندان ساز یا کان، ناک، گلا کے ماہرین کی مدد سے بہتر طور پر علاج کیے جاتے ہیں۔