بالی ووڈ اداکار آیوشمان کھرانہ اور سارہ علی خان کی واہگہ بارڈر آمد کے دوران پاکستانی جانب سے معروف گلوکار عاطف اسلم کی مشہور قوالی ’تاجدارِ حرم‘ چلائے جانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس نے صارفین کی توجہ حاصل کرلی۔
دونوں بھارتی اداکار اپنی نئی فلم ’اڑتا تیر‘ کی تشہیر کے سلسلے میں اٹاری واہگہ بارڈر پہنچے تھے، جہاں انہوں نے بیٹنگ ریٹریٹ کی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر مبینہ طور پر پاکستانی حدود میں لاؤڈ اسپیکرز پر عاطف اسلم کی آواز میں قوالی ’تاجدارِ حرم‘ سنائی دی۔سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں قوالی کی آواز بھارتی اداکاروں کی تشہیری سرگرمی کے دوران سنائی دیتی ہے۔ ویڈیو سامنے آنے کے بعد صارفین نے اس واقعے پر مختلف تبصرے کیے اور اسے سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بنا لیا۔
فلم کی تشہیر کے دوران سوشل میڈیا پر بحث
آیوشمان کھرانہ اور سارہ علی خان کی واہگہ بارڈر آمد ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ان کی نئی فلم ’اڑتا تیر‘ ریلیز سے قبل ہی پاکستانی سوشل میڈیا صارفین کی تنقید کی زد میں ہے۔فلم کے مبینہ پاکستان مخالف موضوع پر بعض پاکستانی صارفین نے اعتراضات اٹھائے ہیں اور بالی ووڈ میں پاکستان سے متعلق موضوعات کی عکاسی پر تنقید کی ہے۔