وفاق کے رواں مالی سال میں سندھ کیلئے14 منصوبے جاری ہیں‘سیلاب متاثرین کے مکانوں کی تعمیر کیلئے بھی فنڈ دیئے گئے ہیں
کراچی(آئی این پی)وفاقی حکومت نے سندھ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے لیے 22 ارب 40 کروڑ روپے جاری کر دیے ہیں۔رپورٹ کے مطابق وفاق نے سندھ میں جاری منصوبوں کیلئے22 ارب 40 کروڑ روپے جاری کرتے ہوئے مالی سال 26-2025 کی پہلی سہ ماہی کی رقم سے متعلق تفصیلات جاری کر دیے ہیں۔ جس کے مطابق وفاق کے رواں مالی سال میں سندھ کیلئے14 منصوبے جاری ہیں۔جاری دستاویز کے مطابق ٹنڈوالہیار سے ٹنڈو آدم سڑک کے لیے ایک ارب روپے، سانگھڑ سے نیشنل ہائی وے این 5 کے لیے 2 ارب، روہڑی سے گڈو انٹرچینج ایم 5 صادق آباد کیلیے 2 ارب 40 کروڑ روپے جاری کیے گئے ہیں۔ جب کہ کراچی سائٹ ایریا میں سڑکوں کی بحالی کے لیے ڈیڑھ ارب روپے جاری کیے۔اس کے علاوہ وزیراعظم پروگرام کے تحت سیلاب متاثرہ علاقوں میں مکانات کی تعمیر کے ساڑھے 14 ارب اسکولوں کی تعمیر کے لیے ایک ارب روپے جاری کیے گئے۔وفاق نے سندھ میں جاری منصوبوں کیلیے مجموعی طور پر 76 ارب 58 کروڑ روپے جاری کرنے ہیں۔