وزارت دفاع نے اعلیٰ فوجی افسر اور ایڈیشنل ڈائریکٹوریٹ جنرل سٹریٹجک کمیونیکیشن کو مقرر کر دیا
نئی دہلی (آن لائن)بھارتی حکومت نے سوشل میڈیا کو کنٹرول کرنے کیلئے اختیارات فوج کے سپرد کر دیئے،بھارتی وزارت دفاع نے فوج سے متعلق سوشل میڈیا پر غیر قانونی مواد کے بارے میں نوٹس جاری کرنے کا اختیار اب فوج کے سپرد کردیا ہے،اس مقصد کیلئے وزارت دفاع نے ایک اعلیٰ فوجی افسر، ایڈیشنل ڈائریکٹوریٹ جنرل اسٹریٹجک کمیونیکیشن کو "نوڈل آفیسر" کے طور پر مقرر کر دیاہے،یہ افسر آئی ٹی ایکٹ کے سیکشن 79(3)(b) کے تحت بھارتی فوج سے متعلق غیر قانونی مواد کے بارے میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو ہٹانے کی درخواستوں سمیت نوٹس بھیج سکتا ہے،وزارت دفاع کے اندرونی ذرائع کے مطابق:"اس نوٹیفکیشن سے پہلے، بھارتی فوج غیر قانونی مواد کو ہٹانے یا بلاک کرنے کیلئے الیکٹرانکس اور آئی ٹی کی وزارت پر انحصار کرتی تھی ،اس نوٹیفکیشن کے ساتھ، اے ڈی جی (اسٹریٹجک کمیونیکیشن) اب کیسز کی شناخت کر سکتے ہیں اور بھارتی فوج سے متعلق غیر قانونی مواد کے بارے میں میڈیا پلیٹ فارمز کو براہ راست نوٹس بھیج سکتے ہیں