رونیت رائے بھی سائبر فراڈ کی زد میں، مداحوں کیلئے وارننگ جاری

رونیت رائے بھی سائبر فراڈ کی زد میں، مداحوں کیلئے وارننگ جاری

بھارتی اداکار رونیت رائے ایک سائبر فراڈ کا شکار ہونے کے بعد اس وقت خبروں میں ہیں، جس میں ان کی شناخت کو مبینہ طور پر غلط استعمال کیا جا رہا ہے۔

اداکار نے سوشل میڈیا پر اپنے مداحوں کو خبردار کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ کوئی نامعلوم شخص ان کا نام استعمال کر کے خصوصاً خواتین سے رابطہ کر رہا ہے اور ان سے رقم کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق یہ جعلی اکاؤنٹ نہ صرف مالی فراڈ میں ملوث ہے بلکہ ملاقاتوں اور بکنگ کے نام پر بھی لوگوں کو دھوکہ دے رہا ہے۔رونیت رائے نے واضح کیا کہ وہ خود یا ان کی ٹیم کسی بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے ذریعے ذاتی طور پر نہ تو پیسے مانگتے ہیں اور نہ ہی اس نوعیت کی کوئی پیشکش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسی کسی بھی سرگرمی سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے اور یہ مکمل طور پر جعلی اور گمراہ کن ہے۔اپنے دعوے کے ثبوت کے طور پر اداکار نے مبینہ فراڈ سے متعلق اسکرین شاٹس بھی شیئر کیے، جن میں ان کے نام سے جعلی پیغامات اور رقم طلب کیے جانے کے شواہد دکھائے گئے۔

 انہوں نے مداحوں سے اپیل کی کہ اگر کسی کو اس طرح کے مشکوک پیغامات موصول ہوں تو فوری طور پر آگاہ کریں اور کسی بھی قسم کے رابطے سے گریز کریں۔اداکار نے کہا کہ سوشل میڈیا کے دور میں مشہور شخصیات کی شناخت کا غلط استعمال ایک بڑھتا ہوا رجحان بن چکا ہے، جس کے خلاف عوامی سطح پر آگاہی ضروری ہے۔ ان کی اس اپیل کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مثبت ردعمل ملا ہے، جبکہ مداحوں نے اسے ایک اہم اور بروقت وارننگ قرار دیا ہے۔