شاہ رخ خان کو قتل کی دھمکی، رائے پور سے کال کی تحقیقات جاری

شاہ رخ خان کو قتل کی دھمکی، رائے پور سے کال کی تحقیقات جاری

بالی ووڈ کے مشہور اداکار شاہ رخ خان کو حال ہی میں قتل کی دھمکی موصول ہوئی ہے، جس پر ممبئی پولیس نے فوری طور پر تفتیش کا آغاز کر دیا۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، یہ دھمکی آمیز کال ریاست چھتیس گڑھ کے شہر رائے پور سے آئی تھی۔ کال کے ذریعے ملزم نے شاہ رخ خان سے 50 لاکھ روپے کا تاوان بھی مطالبہ کیا تھا۔

ممبئی پولیس نے باندرا پولیس اسٹیشن میں دھمکی دینے والے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے اور کال کو ٹریس کرکے ملزم کی شناخت فیضان کے نام سے کی ہے۔ فیضان کے خلاف کارروائی شروع کر دی گئی ہے اور رائے پور پولیس نے چھاپے مارنے کا عمل شروع کر دیا ہے تاکہ ملزم کو گرفتار کیا جا سکے۔یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب معروف اداکار سلمان خان کو بھی مسلسل جان سے مارنے اور تاوان کی دھمکیاں مل رہی تھیں، جس کے بعد اب شاہ رخ خان کو بھی ایسی دھمکیاں ملنا ایک نیا خدشہ بن گیا ہے۔ پولیس نے اس معاملے میں تفتیش کو مزید آگے بڑھایا ہے، تاہم رائے پور کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) سنتوش کمار سنگھ نے بتایا کہ ممبئی پولیس نے اب تک رائے پور پولیس کو باضابطہ طور پر کسی کال کی اطلاع نہیں دی ہے۔ اس کے باوجود، باندرا پولیس نے ملزم فیضان کے خلاف بھارتی قانون کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے اور ان کا ارادہ ہے کہ ملزم کو گرفتار کرکے ممبئی منتقل کیا جائے تاکہ مزید تحقیقات کی جا سکیں۔یہ دھمکیاں بالی ووڈ کے دیگر معروف اداکاروں کو دی جانے والی دھمکیوں کے سلسلے میں سامنے آئی ہیں، جس سے ایک تشویش کا ماحول پیدا ہو چکا ہے۔