پنجاب میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی غیر قانونی اور خطرناک ترسیل روکنے کے لیے ٹریفک پولیس نے سخت اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے تمام افسران کو خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ انسانی جانوں اور قربانی کے جانوروں کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔ہدایات کے مطابق مسافر بردار گاڑیوں، جیسے بسوں، ویگنوں اور کوچز میں قربانی کے جانوروں کی ترسیل مکمل طور پر ممنوع قرار دی گئی ہے، اور اس خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔حکام نے خبردار کیا ہے کہ جانوروں کو گاڑیوں کی چھتوں یا غیر محفوظ انداز میں منتقل کرنا نہ صرف قانون کی خلاف ورزی ہے بلکہ یہ سنگین ٹریفک حادثات کا سبب بھی بن سکتا ہے، جس سے شہریوں اور مویشیوں دونوں کی زندگیاں خطرے میں پڑ جاتی ہیں۔
ڈی آئی جی ٹریفک کے مطابق قربانی کے جانوروں کی محفوظ ترسیل کے لیے صرف مال بردار گاڑیوں کے استعمال کی اجازت ہوگی تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔انہوں نے ٹرانسپورٹرز اور مویشی مالکان پر زور دیا کہ معمولی مالی بچت کے لیے انسانی جانوں کو خطرے میں نہ ڈالیں اور ٹریفک قوانین پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائیں۔حکام کا کہنا ہے کہ تمام ٹریفک افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بلاامتیاز کارروائی کریں، جبکہ شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے محفوظ سفر کو یقینی بنائیں۔