کے پی حکومت نے 182 ملازمین کو ایک دن میں نوکری سے فارغ کر دیا، عظمیٰ بخاری

کے پی حکومت نے 182 ملازمین کو ایک دن میں نوکری سے فارغ کر دیا، عظمیٰ بخاری

لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے خیبرپختونخوا حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کے پی حکومت نے ایک ہی دن میں مرکز بحالی پروجیکٹ کے 182 ملازمین کو نوکری سے فارغ کر دیا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کیا تھا، لیکن آج وہ لوگوں کا روزگار چھیننے پر آ گئے ہیں۔عظمیٰ بخاری نے مزید الزام عائد کیا کہ خیبرپختونخوا کے محکمہ اطلاعات کی جانب سے سوشل میڈیا بریگیڈ کو کروڑوں روپے دیے جاتے ہیں، جو دن رات پاکستان اور قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف پروپیگنڈہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے پی حکومت کے پاس احتجاج، جلسے اور مارچ کے لیے وسائل ہیں، مگر سرکاری ملازمین کی تنخواہیں ادا کرنے کے لیے گنڈاپور کے پاس پیسے نہیں ہیں۔وزیر اطلاعات نے یہ بھی کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت وفاق سے ملنے والے این ایف سی ایوارڈ کا حصہ بھرپور طریقے سے وصول کرتی ہے، لیکن صوبے میں بلدیاتی نمائندے دو سال سے فنڈز نہ ملنے کی وجہ سے احتجاج کر رہے ہیں، جبکہ تعلیمی اداروں کے ملازمین بھی اسی وجہ سے سڑکوں پر ہیں۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب میں مریم نواز نے "ستھرا پنجاب" منصوبے کے تحت ایک لاکھ سے زائد افراد کو نوکریاں فراہم کی ہیں، اور پنجاب کے مختلف منصوبوں میں لاکھوں نئی نوکریاں پیدا ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز عوام کی خدمت میں مصروف ہیں، جبکہ ان کے مخالفین عوام کا روزگار چھیننے میں لگے ہوئے ہیں۔