مفاہمتی یادداشت کی تمام شقیں ایرانی عوام کے مفاد میں ہیں، مسعود پزشکیان

 اسرائیل نہیں چاہتا کہ خطے میں امن ہو اس لئے وہ ان مذاکرات سے خوش نہیں ،رکاوٹیں ڈال رہا ہے 
 تہران( آن لائن )ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ ایران مفاہمتی یادداشت کی تمام شقیں ایرانی عوام کے مفاد میں ہیں۔ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر پزشکیان کا کہنا تھا کہ ایران نے حالیہ چند روز کے دوران 16 ملین بیرل تیل برآمد کیا ہے۔اْن کا کہنا تھا کہ ان مذاکرات سے ایران کو حاصل ہونے والی کامیابیاں واضح ہیں، ان کی وجہ سے ہم اپنے وسائل تک رسائی حاصل کر سکیں گے اور انھیں اپنی مرضی سے استعمال کرنے کے قابل ہوں گے۔ایرانی صدر نے سوئٹزرلینڈ مذاکرات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’اس مختصرعرصے میں ہم بہت سے اقدامات کرنے میں کامیاب رہے ہیں، آج سے مذاکرات کے آغاز کے ساتھ ہی ہمارے قطر میں موجود چھ ارب ڈالر غیر منجمد ہو جائیں گے اور ہمیں واپس کر دیے جائیں گے۔‘اْن کا کہنا تھا کہ سوئٹزرلینڈ مذاکرات میں ایران کے مرکزی بینک کے گورنر عبدالناصر ہمتی اسی لیے شریک ہیں تاکہ اس بات کا تعین کیا جا سکے کہ یہ وسائل کس شعبے میں خرچ کیے جائیں گے۔جوہری ہتھیاروں کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ ایران بارہا یہ کہہ چکا ہے کہ وہ کبھی بھی جوہری بم بنانے کی کوشش نہیں کرے گا۔ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ اسرائیل ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات سے ناخوش ہے۔ اْن کے بقول اسرائیل نہیں چاہتا کہ خطے میں امن بحال ہو اور غزہ اور لبنان میں اس کے اقدامات اسی مقصد کے مطابق ہیں۔