اے این ایف ، 10 گرفتار، 88 کلو منشیات برآمد

سکولوں کے قریب منشیات بیچنے والے گروہ کا انکشاف، کروڑوں مالیت ضبط
 چھاپے، آئس، چرس، افیون، ہیروئن سمیت مختلف نشہ آور مواد پکڑا گیا
لاہور (کرائم رپورٹر) اے این ایف نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 6 کارروائیوں کے دوران 10 ملزمان کو گرفتار کر کے  1 کروڑ 29 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 88.4 کلوگرام منشیات برآمد کر لیں۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق اڈیالہ روڈ راولپنڈی میں سکول کے قریب موٹرسائیکل سوار 2 ملزمان کے قبضے سے 1.2 کلو چرس برآمد کی گئی۔ گرفتار ملزمان نے تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ منڈی موڑ اسلام آباد کے قریب گاڑی اور موٹرسائیکل سواروں کے قبضے سے مجموعی طور پر 14.4 کلو چرس برآمد کر کے 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ سبزی منڈی اسلام آباد کے قریب گاڑی سے 22.8 کلو چرس برآمد کر کے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ شیخوپورہ ٹول پلازہ کے قریب گاڑی کے خفیہ خانوں سے 22.8 کلو چرس اور 7.2 کلو افیون برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ اسلام آباد موٹروے ٹول پلازہ کے قریب گاڑی کے خفیہ خانوں سے 2 کلو آئس برآمد کر کے ملزم گرفتار کر لیا۔ کیچ کے علاقے مند کے قریب اسمگلنگ کے لیے چھپائی گئی 3 کلو ہیروئن، 6 کلو آئس اور 9 کلو چرس برآمد کی گئی۔ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔