جیل میں قیدی کو بیوی کیساتھ رہنے کی اجازت
قیدی اہلیہ اور 6 سال سے کم عمر بچوں کے ساتھ جیل کے فیملی روم میں قیام کر سکتے ہیں ، مفت کھانا بھی فراہم کیا جائے گا ،سپرنٹنڈنٹ جیل متعلقہ ڈپٹی کمشنر سے تحریری منظوری لیں گے
راولپنڈی (خصوصی رپورٹ)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب بھر کی تمام جیلوں کے قیدیوں کو بیوی بچوں کو ساتھ جیل کے فیملی روم میں رہنے کی اجازت دیدی۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق 5 سال سے زائد سزا کے قیدی سال میں 3 بار مسلسل 3 دن اپنی اہلیہ اور 6 سال سے کم عمر بچوں کے ساتھ جیل کے فیملی روم میں قیام کر سکتے ہیں، جہاں انہیں مفت کھانا بھی فراہم کیا جاتا ہے۔ فیملی روم میں قیام کیلئے قیدی یا اس کی اہلیہ کو سپرنٹنڈنٹ جیل کو درخواست دینا ہوگی،سپرنٹنڈنٹ جیل متعلقہ ڈپٹی کمشنر سے تحریری منظوری لیں گے جس کے بعد سپرنٹنڈنٹ جیل مقررہ تاریخ پر قیدی کی بیگم اور بچوں کو اس کے ساتھ فیملی روم میں قیام کی اجازت دیں گے۔