رجب بٹ کے گھر فائرنگ، ملزم گرفتار نہ ہو سکے

 کاشف چوہان اور شہزاد بھٹی پر فائرنگ کا الزام، پولیس تفتیش میں مصروف
لاہور(کرائم رپورٹر) یوٹیوبر رجب بٹ کے گھر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، تاہم پولیس تاحال ملزمان کو گرفتار نہ کر سکی۔ یوٹیوبر رجب بٹ نے ملزمان کے حوالے سے ایک ویڈیو بیان بھی جاری کر دیا ہے۔ رجب بٹ کے مطابق، میرے گھر فائرنگ کروانے والے "333 گروپ" سے تعلق رکھتے ہیں۔ فائرنگ کرنے والے کا نام کاشف چوہان ہے، جس نے پہلے گاڑی تبدیل کی اور پھر موٹر سائیکل پر آ کر فائرنگ کی۔ یوٹیوبر نے الزام عائد کیا کہ فائرنگ بیرون ملک مقیم شہزاد بھٹی کی ایما پر کی گئی۔ رجب بٹ کا کہنا ہے کہ پولیس تمام صورتحال سے باخبر ہے، مگر تاحال کوئی پیش رفت سامنے نہیں آئی۔ پولیس کے مطابق رجب بٹ کے گھر فائرنگ کرنے والے ملزمان کی شناخت اور تلاش جاری ہے، تاہم ابھی تک کسی ملزم کا سراغ نہیں لگایا جا سکا۔ پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ یوٹیوبر رجب بٹ نے جن ناموں کا ذکر ویڈیو میں کیا ہے، اس بارے میں انہیں علم نہیں۔