میاں محمد نواز شریف اور شہباز شریف کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا
سینیٹ میں قرآن و سنت کے مطابق قانون سازی کے لئے بھرپور کردار ادا کروں گا
لاہور ( سپیشل رپورٹر)مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے امیر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر پنجاب اسمبلی سے دوسری بار سینیٹ آف پاکستان کے رکن منتخب ہو گئے۔ ۔سینیٹر منتخب ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے سینٹ انتخاب کے لیے ٹکٹ دینے اور بھرپورسپورٹ کرنے پر مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف ، وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف ،اتحادی جماعتوں اور اراکین پنجاب اسمبلی کا شکریہ ادا کیا۔ حافظ ڈاکٹر عبدالکریم کا کہنا تھا کہ وہ مسلم لیگ ن کی قیادت کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی صرف ایک فرد کی نہیں بلکہ مرکزی جمعیت اہلحدیث کے کارکنان اور محب وطن پاکستانیوں کی نمائندگی کا اعتراف ہے۔ وہ سینیٹ میں قرآن و سنت کے مطابق قانون سازی کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔ فرقہ واریت کے خاتمے، بین المسالک ہم آہنگی اور ناموس صحابہ کے تحفظ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی پہلی مدت کی طرح دوسری مدت میں بھی سینیٹ میں قرآن و سنت کی روشنی میں مزید قانون سازی کرکے ملک میں امن، رواداری اور اتحاد کی فضا کو قائم کرنے کیلئے کردار ادا کروں گا