پاکستان ریلوے نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو کی تردید کردی ہے، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ لاہور ریلوے اسٹیشن کے مسافر خانے میں ایک وینڈر سگریٹ میں چرس بھر رہا تھا۔
رپورٹ کے مطابق ریلوے پولیس لاہور نے ویڈیو میں نظر آنے والے وینڈر احسن علی کو ٹریس کرکے اس سے پوچھ گچھ کی۔ تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ وینڈر کے پاس ڈی ایم او ریلوے کی جانب سے 7 جون 2025 تک جاری شدہ میڈیکل کارڈ موجود ہے۔ریلوے پولیس نے وینڈر احسن علی کی تلاشی بھی لی، تاہم اس کے قبضے سے کوئی نشہ آور مواد برآمد نہیں ہوا۔ وینڈر نے وضاحت دی کہ وہ سگریٹ کو نرم کر رہا تھا، جبکہ کسی نامعلوم شخص نے ویڈیو بنا کر غلط تاثر کے ساتھ وائرل کردی۔ بعدازاں، وینڈر نے ویڈیو پیغام میں بھی اپنی صفائی پیش کی۔ایس پی لاہور کا کہنا ہے کہ ریلوے اسٹیشن لاہور اور اس کے مسافر خانے میں کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی اجازت نہیں، اور ریلوے پولیس ہر قسم کی غیر قانونی کارروائیوں کو روکنے کے لیے متحرک ہے۔