کراچی میں 9 ارب 28 کروڑ روپے سے زائد کے ترقیاتی پیکیج کی منظوری کے بعد سینئر صوبائی وزیر سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ صنعتی علاقوں کے لیے جلد ہی ایک اور بڑے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کیا جائے گا۔
اپنے بیان میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کراچی کے صنعتی علاقوں کے لیے منظور کیا گیا یہ ترقیاتی پیکیج حکومتِ سندھ کا ایک تاریخی اور بروقت فیصلہ ہے۔ حکومت کراچی کو دوبارہ ایک مضبوط، فعال اور مسابقتی صنعتی مرکز بنانے کے لیے سنجیدگی اور تسلسل کے ساتھ اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی ملکی معیشت کا دل ہے اور صنعتی زونز کی بحالی و ترقی کا براہِ راست تعلق روزگار کے مواقع، برآمدات میں اضافے اور سرمایہ کاری کے فروغ سے ہے۔ صنعتی علاقوں کے انفرااسٹرکچر کی بہتری کے لیے جامع روڈ میپ کے تحت پیر سے ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا جائے گا، جو چھ ماہ کے اندر مکمل کیے جائیں گے۔شرجیل میمن کے مطابق یہ فنڈز انفرااسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس سے فراہم کیے جا رہے ہیں، جو خود صنعتوں کی جانب سے ادا کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مختلف صنعتی زونز میں ضرورت اور ترجیح کی بنیاد پر فنڈز کی منصفانہ تقسیم حکومت سندھ کے عملی اقدامات کا ثبوت ہے۔صوبائی وزیر نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں کے معیار، رفتار اور شفافیت پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا، جبکہ مجوزہ نگران کمیٹی کے ذریعے تمام منصوبوں کی سخت نگرانی کی جائے گی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیرِ اعلیٰ سندھ نے واضح اعلان کیا ہے کہ پہلے مرحلے کی تکمیل کے بعد صنعتی علاقوں کے لیے اسی نوعیت کا ایک اور بڑا ترقیاتی پیکیج دیا جائے گا۔ صنعتی انفرااسٹرکچر کی بحالی سے ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس میں بہتری آئے گی، کاروباری لاگت میں کمی اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی بھی ممکن ہو سکے گی۔