لاہور فضائی آلودگی میں دنیا کے پانچویں آلودہ ترین شہر

لاہور فضائی آلودگی میں دنیا کے پانچویں آلودہ ترین شہر

فضائی آلودگی کے حوالے سے لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پانچویں نمبر پر آ گیا ہے۔

 ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) کے مطابق شہر میں فضائی آلودگی کی مجموعی شرح 192 ریکارڈ کی گئی ہے، جو انسانی صحت کے لیے مضر قرار دی جاتی ہے۔تفصیلات کے مطابق، لاہور کے مختلف علاقوں میں فضائی آلودگی خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے۔ سب سے زیادہ آلودگی کینال روڈ پر 707، جو کہ انتہائی خطرناک سطح ہے، ریکارڈ کی گئی ہے۔ جوہر ٹاؤن میں یہ شرح 560، اور سول سیکرٹریٹ کے علاقے میں 530 ہے۔ دیگر علاقوں میں عسکری ٹین میں 296، برکی روڈ پر 238، اور اقبال ٹاؤن میں 192 ریکارڈ ہوئی ہے۔ نسبتاً بہتر علاقے جیسے ڈی ایچ اے فیز فائیو میں آلودگی کی سطح 149 تک پہنچی ہے، لیکن یہ بھی حساس افراد کے لیے نقصان دہ ہے۔

ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ فضائی آلودگی کے سبب سانس، آنکھوں اور گلے کی بیماریوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ شہریوں کو غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کرنے، ماسک کے استعمال اور احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ، متعلقہ اداروں سے اسموگ کے تدارک کے لیے مؤثر اقدامات کا مطالبہ بھی کیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کی صحت کو محفوظ بنایا جا سکے۔