سعودی عرب میں مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ کی دیکھ بھال کے امور کی جنرل اتھارٹی نے زائرین کی سہولت کے لیے ایک جدید ڈیجیٹل سروس متعارف کرائی ہے۔
رپورٹ کے مطابق، اس ڈیجیٹل سروس کے ذریعے زائرین صحن مطاف اور مسعی میں ازدحام کی صورتحال کو فوری طور پر معلوم کر سکتے ہیں۔ اس سروس میں دونوں مقامات پر رش کی موجودہ صورت حال کو دیکھتے ہوئے عمرہ زائرین کو یہ سہولت فراہم کی گئی ہے کہ وہ طواف اور سعی کے لیے بہترین وقت اور راستہ منتخب کریں۔ اتھارٹی کے مطابق، یہ ڈیجیٹل سروس رنگوں کے آسان اشاروں کے ذریعے ازدحام کی مانیٹرنگ میں مدد دیتی ہے، جس سے نہ صرف مسجد الحرام میں رش کو کنٹرول کیا جا سکتا ہے بلکہ زائرین کو بھی موزوں وقت اور راستوں کا تعین کرنے میں سہولت ملتی ہے۔ یہ اقدام مملکت کے وژن 2030 کے اہداف کے تحت لایا گیا ہے، تاکہ زائرین کو جدید اور معیاری خدمات فراہم کی جا سکیں اور حرمین شریفین میں عبادات کے دوران آسانی اور سہولت یقینی بنائی جا سکے۔