بھارت میں ایک حیران کن واقعہ پیش آیا جہاں کرکٹ میچ کے دوران ٹریکٹر کے ذریعے پچ کو تباہ کر دیا گیا، جس کے باعث میچ منسوخ کرنا پڑ گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ مہاراشٹرے ضلع جلگاؤں میں پیش آیا، جہاں ’رورل ایم ایل اے کپ‘ کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل میچ جاری تھا۔رپورٹ کے مطابق میچ کے دوران اچانک ایک نوجوان ٹریکٹر لے کر میدان میں داخل ہوا اور سیدھا کرکٹ پچ کی طرف بڑھا۔ اس نے ٹریکٹر کے ذریعے وکٹیں توڑ دیں اور پچ کو مکمل طور پر کھود کر ناقابلِ استعمال بنا دیا، جس پر کھلاڑی اور تماشائی حیران رہ گئے اور میدان میں افراتفری پھیل گئی۔عینی شاہدین کے مطابق ٹریکٹر چلانے والا نوجوان بغیر کسی خوف کے نقصان پہنچانے کے بعد موقع سے فرار ہوگیا۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ یہ اقدام مبینہ طور پر ایک مقامی بااثر شخصیت کو میچ میں مدعو نہ کیے جانے پر کیا گیا، اور اسی شخصیت کے ایک حامی نے غصے میں آ کر یہ قدم اٹھایا۔پچ کے مکمل خراب ہونے کے بعد حکام نے صورتحال کا جائزہ لیا اور میچ کو منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا۔ واقعے پر عوام کی جانب سے شدید ردِعمل سامنے آیا ہے، تاہم آخری اطلاعات تک پولیس میں اس حوالے سے کوئی باضابطہ شکایت درج نہیں کرائی گئی۔