کراچی: سندھ حکومت نے صوبے میں پرائس کنٹرول کے تحت سیل کی جانے والی دکانوں اور کاروباری مراکز کو دوبارہ کھولنے (ڈی سیل) سے متعلق اہم فیصلہ کرلیا ہے۔
اس ضمن میں تمام ڈپٹی کمشنرز (ڈی سیز) اور اسسٹنٹ کمشنرز (اے سیز) کو دکانیں یا کاروبار ڈی سیل کرنے سے روک دیا گیا ہے۔محکمہ بیورو آف سپلائی پرائسز سندھ کی جانب سے تمام کمشنرز کو ایک باقاعدہ مراسلہ ارسال کیا گیا ہے، جس میں واضح کیا گیا ہے کہ دکان یا کاروبار کو ڈی سیل کرنے کا اختیار صرف ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) بیورو آف سپلائی پرائسز سندھ کے پاس ہے۔مراسلے کے مطابق، اگرچہ پرائس کنٹرول ایکٹ کے تحت سیل کرنے کا اختیار ڈی سی، اے سی، اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر پرائس کنٹرول سمیت دیگر متعلقہ افسران کے پاس ہے، تاہم سیکشن 5A کے مطابق، ڈی سیل کرنے کا اختیار صرف ڈی جی بیورو آف سپلائی پرائسز کو حاصل ہے۔
ڈائریکٹر جنرل بیورو آف سپلائی پرائسز زاہد حسین شر کا کہنا ہے کہ پرائس کنٹرول ایکٹ کی شق 5A(4) کے تحت، تمام ڈپٹی اور اسسٹنٹ کمشنرز کو کاروبار یا دکان ڈی سیل کرنے سے روکنے کا حکم دیا گیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈی سیل سے متعلق تمام درخواستیں براہ راست ڈی جی بیورو آف سپلائی کو بھیجی جائیں تاکہ قانونی تقاضوں کے مطابق کارروائی کی جاسکے۔یہ فیصلہ صوبے میں پرائس کنٹرول قوانین کے مؤثر نفاذ اور شفاف طریقہ کار کے تحت کارروائی کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔