پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی معروف اور دو مرتبہ کی چیمپئن ٹیم لاہور قلندرز نے اپنے کپتان شاہین شاہ آفریدی کی قیادت، خدمات اور ٹیم سے وفاداری کے اعتراف میں انہیں گولڈ پلیٹڈ آئی فون 16 پرو تحفے کے طور پر پیش کیا۔
لاہور قلندرز کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایک خصوصی ویڈیو شیئر کی گئی جس میں ٹیم کے مالک ثمین رانا خود شاہین کو تحفہ پیش کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ ویڈیو میں دیگر کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف کی موجودگی بھی دیکھی گئی جنہوں نے اس خوشگوار لمحے کو سراہا۔ثمین رانا کا کہنا تھا کہ یہ آئی فون شاہین شاہ آفریدی کے لیے خصوصی طور پر تیار کروایا گیا ہے جس پر نہ صرف ان کا نام بلکہ لاہور قلندرز سے وابستگی کی کندہ کاری (engraving) بھی کی گئی ہے۔شاہین شاہ آفریدی نے تحفہ وصول کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا اور حیرت سے کہا، "یہ بہت وزنی ہے!" ان کے قریبی ساتھی حارث رؤف نے ہنستے ہوئے مذاق کیا، "نہیں بھائی، یہ غلط ہے۔"
یہ تحفہ اس وقت سامنے آیا ہے جب اس سے قبل ایک اور پی ایس ایل فرنچائز کراچی کنگز کی جانب سے جیمز وِنس کو ہیئر ڈرائیر اور حسن علی کو ٹریمر تحفے میں دیے جانے پر سوشل میڈیا پر تنقید کی گئی تھی۔یاد رہے کہ پی ایس ایل کے جاری ایڈیشن میں لاہور قلندرز نے اب تک تین میچز میں سے دو میں کامیابی حاصل کی ہے اور پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے نمبر پر براجمان ہے۔ ٹیم کی حالیہ فارم اور شاہین کی قیادت کو مدنظر رکھتے ہوئے، یہ تحفہ ٹیم کی اعلیٰ حوصلہ افزائی اور اعتماد کی علامت سمجھا جا رہا ہے۔