فیصل ٹاؤن میں رکشے کے ذریعے مسافروں سے مبینہ وارداتیں، خاتون ساتھی سمیت گرفتار

فیصل ٹاؤن میں رکشے کے ذریعے مسافروں سے مبینہ وارداتیں، خاتون ساتھی سمیت گرفتار

لاہور: فیصل ٹاؤن پولیس نے رکشے میں سوار مسافروں سے مبینہ طور پر چوری کی وارداتیں کرنے والی خاتون کو اس کے ساتھی سمیت گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق کارروائی این بلاک میں کی گئی، جہاں پولیس ٹیم نے ملزمان کو چنگ چی رکشے سمیت حراست میں لے لیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت ارشاد بی بی اور نعیم کے نام سے ہوئی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ٹریس کیا گیا۔ فوٹیج میں مبینہ طور پر خاتون کو رکشے میں سوار مسافروں سے موبائل فون اور نقدی چوری کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔پولیس کے مطابق ملزمان نے مبینہ وارداتوں کے لیے چنگ چی رکشہ کرائے پر لے رکھا تھا۔ خاتون رکشے میں سوار ہونے والے مسافروں کو مبینہ طور پر نشانہ بناتی، جبکہ اس کا ساتھی بھی وارداتوں میں معاونت کرتا تھا۔کارروائی کے دوران پولیس نے ملزمان کے قبضے سے مبینہ طور پر چوری کیے گئے 3 موبائل فون، ایک پستول اور وارداتوں میں استعمال ہونے والا رکشہ بھی برآمد کرلیا۔

پولیس نے گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے جبکہ واقعے سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے۔ پولیس حکام کے مطابق تفتیش کے دوران ملزمان سے دیگر وارداتوں اور ممکنہ ساتھیوں کے بارے میں بھی معلومات حاصل کی جارہی ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی کیمروں اور دیگر شواہد کی مدد سے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ گرفتار ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔