پی پی ایس سی :75 ہزار سے زائد امیدواروں کے امتحانات مکمل

لاہور(خصوصی رپورٹ)پنجاب پبلک سروس کمیشن کے زیرِ اہتمام سب انسپکٹر پنجاب پولیس کی 300 سمیت دیگر محکموں میں اسامیوں پر75 ہزار سے زائد امیدواروں کے امتحانات کا دو روزہ سلسلہ مکمل ہو گیا۔ لاہور سمیت پنجاب کی چھ ڈویڑنز فیصل آباد ، سرگودھا ، راولپنڈی، ملتان، بہاولپور اور ڈی جی خان میں امتحانات لئے گئے۔ چیئرمین پی پی ایس سی لیفٹیننٹ جنرل (ر)عبدالعزیز کی ہدایات پرریجنل انچارج لاہور اعجاز اکبر ، راشد منصور، صدیق شیخ، احمد علی کمبوہ ودیگرممبرز نے امتحانی مراکز کا سرپرائز دورہ کیا اورانتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پرسخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے، ایس او پیز پر سختی سے عملدر آمد یقینی بنایا گیا۔کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ریسکیو اہلکاروں کی موجودگی کو یقینی بنایا گیا۔ لیبر ڈیپارٹمنٹ میں اسسٹنٹ سمیت دیگر اسامیوں کا تحریری امتحان لیاگیا۔