زمبابوے کرکٹ ٹیم کے پاکستانی نژاد کپتان سکندر رضا نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف میچ جیتنے کے لیے ان کا پورا پلان تیار ہے۔
راولپنڈی میں سہ ملکی سیریز کے دوسرے میچ میں سری لنکا کے خلاف کامیابی کے بعد انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ صرف جیت کا ہی سوچتے ہیں اور قوم کی نمائندگی کرنے کا جذبہ ان میں جوش پیدا کرتا ہے۔سکندر رضا نے مزید کہا کہ زمبابوے نے اس سال 10 ٹیسٹ میچز کھیلے ہیں، جن میں سے کچھ ہارے ضرور ہیں مگر انہوں نے ہر بڑی ٹیم کو چیلنج دیا۔ مسلسل کھیلنے سے ٹیم کی بہتری ممکن ہوتی ہے اور سری لنکا کے خلاف حالیہ جیت ان کی محنت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اسپیشلسٹ کھلاڑیوں کی اہمیت ہے، اور بیٹنگ کا اوسط سے زیادہ اسٹرائیک ریٹ کو ترجیح دی جاتی ہے، کیونکہ کم گیندوں پر زیادہ رنز بنانا اصل ہنر ہے۔کپتان نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان کے خلاف میچ کے لیے ان کا مکمل پلان تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ موسم کرکٹ پر بہت اثر انداز ہوتا ہے، خاص طور پر سردیوں میں، جب سورج کم نکلتا ہے اور اوس پڑتی ہے، جس سے پچ اور کنڈیشنز بدل جاتی ہیں۔ انہوں نے راولپنڈی اسٹیڈیم کے گراؤنڈ اسٹاف کی تعریف بھی کی، جنہوں نے مشکل موسمی حالات میں بہترین پچ اور آؤٹ فیلڈ تیار کی۔سکندر رضا نے یہ بھی کہا کہ ان کے لیے زمبابوے کی جیت زیادہ اہم ہے نسبت اسٹیٹس کے، اور ٹیم چھوٹی چھوٹی کامیابیوں سے خوش ہوتی ہے۔ ان کے لیے سب سے خاص لمحہ ان کا 300واں انٹرنیشنل میچ ہوگا، جس میں وہ ٹیم کو جیت دلانے کے لیے پرعزم ہیں۔