قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کا اجلاس‘پی ایم ڈی سی ایکٹ میں مجوزہ آئندہ اصلاحات پر تبادلہ خیال
ایم ڈی کیٹ لینے والی یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کی آن لائن شرکت آئندہ سال کے حوالے سے تجاویز پیش
اسلام آباد (پ ر)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اینڈ کوآرڈی نیشن کا اہم اجلاس کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر مہیش کمار ملانی کی زیرِ صدارت اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں ایم ڈی کیٹ 2025 کے کامیاب انعقاد، پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل ایکٹ میں مجوزہ ترامیم، اور پاکستان نرسنگ اینڈ مڈوائفری کونسل کے زیرِ التواء ادارہ جاتی و پالیسی معاملات پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس میں پی ایم ڈی سی ایکٹ میں مجوزہ آئندہ اصلاحات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جن کا مقصد میرٹ کو مضبوط بنانا، شفافیت کو یقینی بنانا اور درخواست گزاروں کے لیے منصفانہ مواقع پیدا کرنا ہے۔ ڈاکٹر مہیش کمار ملانی نے کہا میڈیکل ایجوکیشن میں اصلاحات وقت کی ضرورت ہیں اور ان پر پیش رفت ناگزیر ہے۔مزید برآں، پاکستان نرسنگ اینڈ مڈوائفری کونسل کے طویل عرصے سے زیرِ التواء ادارہ جاتی معاملات پر کمیٹی نے تشویش کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر مہیش کمار ملانی نے ہدایت کی کہ نرسنگ کونسل فوری طور پر ہنگامی میٹنگ طلب کرے تاکہ ادارہ جاتی فیصلوں، منظوری کے کیسز اور پالیسی امور میں تاخیر ختم کی جا سکے، کیونکہ اس سے شعبہ نرسنگ متاثر ہو رہا ہے۔