لاہور(کرائم رپورٹر) بادامی باغ کے علاقے میں قرض سے بچنے کے لیے 15 پر جھوٹی ڈکیتی کی کال کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا گیاپولیس حکام کے مطابق کالر نے اطلاع دی تھی کہ ‘‘دو ڈاکو موٹر سائیکل پر آئے اور گن پوائنٹ پر 2 لاکھ روپے اور موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے ہیں۔’’ اطلاع ملتے ہی بادامی باغ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے موقع پر پہنچ کر تفتیش شروع کر دی۔ایس پی سٹی عاطف امیر کی ہدایت پر پولیس نے وقوعہ کی تصدیق کے لیے علاقے کے سی سی ٹی وی کیمروں کا جائزہ لیا، تاہم واقعے کے شواہد نہ ملنے پر کالر سے مزید پوچھ گچھ کی گئی۔پولیس کے مطابق دورانِ تفتیش ملزم ہمایوں زیادہ دیر تک پولیس کو چکما نہ دے سکا اور اس نے اعتراف کر لیا کہ اس نے قرض سے نجات حاصل کرنے کے لیے جھوٹی رابری کال کی تھی۔ پولیس نے ملزم کی نشاندہی پر جھاڑیوں میں چھپایا گیا موبائل فون بھی برآمد کر لیابادامی باغ پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے گرفتار کر لیا ہے۔ایس پی سٹی نے بروقت ریسپانس اور مؤثر تفتیش پر ایس ایچ او احسن اقبال، سب انسپکٹر عدنان گجر اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ 15 پر جھوٹی کال کرنا جرم ہے، شہری صرف حقیقی ایمرجنسی کی صورت میں ہی کال کریں۔انہوں نے کہا کہ پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ اور مدد کے لیے ہر وقت موجود ہے۔