لاہور میں موسم خوشگوار ہوگیا ہے اور گرمی کی شدت میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر میں بارش کے امکانات نہیں ہیں اور دن بھر موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ کے اعداد و شمار کے مطابق، لاہور کا موجودہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔ ہوا کی رفتار 10 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے، اور فضا میں نمی کا تناسب 35 فیصد ہے، جس سے موسم نسبتاً خوشگوار محسوس ہو رہا ہے۔ دن بھر 5 سے 26 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب، اسلام آباد میں گزشتہ رات سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات نے آج بھی اسلام آباد میں مزید بارش اور بعض علاقوں میں ژالہ باری کی پیشگوئی کی ہے۔ شہر کا درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ ملک کے شمالی علاقے، جن میں گلگت بلتستان، کشمیر اور بالائی خیبر پختونخوا شامل ہیں، میں موسم تبدیل ہونے کا امکان ہے اور آج بادل برسنے کی توقع ہے، جس سے گرمی کی شدت میں مزید کمی آ سکتی ہے۔ مجموعی طور پر، بارشوں کے اس سلسلے سے بالائی علاقوں میں موسم خوشگوار ہوگا اور میدانی علاقوں میں درجہ حرارت میں جزوی کمی دیکھی جا سکتی ہے۔