لاہور کا درجہ حرارت40سنٹی گریڈ رہنے کا امکان ، پنجاب کے متعدداضلاع ،بالائی علاقوں میں بادل برسنے کی پیشگوئی
لاہور،اسلام آباد،پشاور،کوئٹہ (خصوصی رپورٹ)ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی کی لہر جاری،محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹے کے دوران بارش کاامکان ہے ۔محکمہ موسمیات نے آج منگل کو لاہور ،شیخوپورہ ،اسلام آباد، راولپنڈی ،مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم ،سرگودھا ، خوشاب، منڈی بہائو الدین، حافظ آباد، گجرات، گوجرانوالہ، میانوالی، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، جھنگ، نور پور تھل ، بھکر ،چترال، دیر، سوات، کوہستان، بٹگرام، صوابی، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، کرم ،خیبر، وزیرستان، بنوں، کوہاٹ، ہنگو، کرک، ڈیرہ اسماعیل خان، آزاد کشمیراورگلگت بلتستان کے علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ لاہور میں سوموار کی صبح11کلومیٹرفی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے سے سورج کی تپش کم ہوگئی۔ شہر کا درجہ حرارت32ڈگری سینٹی گریڈ رہاجبکہ آئندہ24گھنٹے میں زیادہ سے زیادہ 40 ڈگری رہنے کا امکان ہے۔لاڑکانہ ،سبی ، دادو، نوابشاہ کادرجہ حرارت 49جبکہ گرمی کی شدت 50سے 52 ڈگری تک محسوس کی گئی ،جیکب آباد، تربت 49، پشاور 43،ملتان 44،بہاولپور میں درجہ حرارت 41ڈگری سنٹی گریڈ رہا۔محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق دوروزقبل مختلف مقامات پربارش کے باوجود ملک میں ہیٹ ویو برقرار ہے، آج سے 24 مئی کے دوران جنوبی علاقے ہیٹ ویو کے زیر اثر رہیں گے۔ سندھ، جنوبی پنجاب، بلوچستان میں دن کا درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری زائد ہوگا ،بالائی علاقے بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔گرمی کی شدت بڑھتے ہی لیسکو کے ڈسٹری بیوشن سسٹم میں تکنیکی خرابیوں پراوور لوڈ ٹرانسفارمر جلنے سمیت دیگر وجوہات پر لاہور میں گھنٹوں بجلی بند رہنا معمول بن گیا،شہری سخت پریشان، شالیمار ،ہربنس پورہ، کیولری گرائونڈ، والٹن روڈ،منصورہ ،ہنجروال،اتفاق ٹائون، شاہ جمال کالونی اچھرہ ودیگرعلاقو ں میں بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے۔