لاہور(سپورٹس ڈیسک)کرکٹ کی تاریخ کا پہلا عجیب وغریب آوٹ گزشتہ دنوں پاکستان کے ڈومیسٹک کرکٹ میں ہوا جس میں بیٹر بولر کے گیند کرانے سے قبل ہی آوٹ ہو گیا۔کرکٹ میں کئی بار اس طریقے سے بیٹر آوٹ ہوتا ہے جو سب کو حیران کر دیتا ہے۔ تاہم پاکستان کی ڈومیسٹک کرکٹ میں گزشتہ دنوں ایک بیٹر اتنے حیران کن طریقے سے آوٹ ہوا کہ جو کرکٹ کی تاریخ میں اس سے قبل کبھی نہیں ہوا۔بیٹر نہ کیچ آوٹ ہوا، نہ ہی بولڈ اور نہ اسٹمپ۔ بولر کے گیند پھینکنے سے قبل ہی اس کو آوٹ قرار دے دیا گیا اور یہ واقعہ گزشتہ دنوں نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں فیصل آباد میں لاہور ریجن وائٹس اور لاڑکانہ ریجن کے درمیان میچ میں ہوا۔اس میچ میں لاہور کی جانب سے جیت کے لیے دیے گئے 216 رنز کے ہدف کے تعاقب میں لاڑکانہ کی ٹیم 81 رنز پر آوٹ ہوگئی تھی تاہم میچ کے نتیجے سے زیادہ شور لاڑکانہ کے بیٹر بلال ارشاد کے انوکھے طریقے سے آوٹ ہونے پر ہوا۔ہوا کچھ یوں کہ بلال ارشاد کریز پر موجود اور مقابل بالر کامران افضل کی گیند کو کھیلنے کے لیے مکمل تیار تھے۔ تاہم اس سے قبل کہ کامران افضل بال کراتے، لاہور کے وکٹ کیپر محمد اخلاق نے بلال کے آوٹ ہونے کی اپیل کر دی۔ اپیل ہوتے ہی فیلڈ امپائر نے تھرڈ امپائر کو اشارہ کیا اور جب ویڈیو دیکھی گئی تو پتہ چلا کہ شاٹ کھیلنے کی تیاری کرتے ہوئے بلے باز کا بیٹ اسٹمپ سے ٹکرا گیا تھا اور بیل نیچے گری تو قانون کے مطابق وکٹ کیپر نے آوٹ کی اپیل کی اور یوں بلال کو ہٹ وکٹ قرار دے دیا گیا۔