وزارت تجارت نے واضح کیا ہے کہ سونے کی جیولری کی برآمد پر عائد پابندی ختم ہو چکی ہے، اور اس کی بحالی کے لیے وزیر اعظم کو سمری ارسال کر دی گئی ہے۔
یہ بات قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے تجارت کے اجلاس میں بتائی گئی، جو چئیرمین جاوید حنیف کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس کے دوران جیولری سیکٹر کے نمائندے نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ مئی 2024 میں سونے کی جیولری کی برآمد پر پابندی عائد کی گئی تھی، جو ایف بی آر کے ایک ایس آر او کے تحت 30 جون تک نافذ رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ جیولری سیکٹر کو اس پابندی سے شدید نقصان پہنچا اور اب برآمدات کی بحالی کی اجازت دی جائے۔جواب میں وزارت تجارت کے حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ پابندی ختم ہو چکی ہے اور وزیر اعظم شہباز شریف کو اس سلسلے میں سمری بھجوا دی گئی ہے۔
جیسے ہی وزیراعظم کی منظوری حاصل ہوگی، معاملہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا تاکہ جیولری کی برآمدات بحال ہو سکیں۔حکام نے بتایا کہ حکومت اس وقت ایکسپورٹ سیکٹر کو فروغ دینے اور زرمبادلہ کے ذخائر بڑھانے کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے، اور جیولری ایکسپورٹ پر عائد پابندی کے خاتمے کا مقصد بھی اسی پالیسی کا حصہ ہے۔جیولری سیکٹر سے وابستہ افراد نے اُمید ظاہر کی ہے کہ حکومت جلد فیصلہ کرے گی تاکہ پاکستان کی ہنرمندانہ مصنوعات عالمی منڈیوں تک دوبارہ رسائی حاصل کر سکیں۔