خیبرپختونخوا میں عوامی ریلیف: 1.36 لاکھ ٹن گندم جاری

خیبرپختونخوا میں عوامی ریلیف: 1.36 لاکھ ٹن گندم جاری

پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی ہدایت پر محکمہ خوراک نے صوبے میں اسٹریٹجک ذخائر سے ایک لاکھ 36 ہزار میٹرک ٹن گندم کی ریلیز شروع کر دی ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے بین الصوبائی نقل و حرکت پر پابندیوں کے بعد پیدا ہونے والے قیمتوں کے دباؤ سے عوام کو تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خوراک کی دستیابی کو صوبائی رکاوٹوں یا انتظامی حدود کا یرغمال نہیں بننے دیا جائے گا۔سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ آئین پاکستان کا آرٹیکل 151 ملک بھر میں اشیاء کی آزادانہ نقل و حرکت کی ضمانت دیتا ہے۔ صوبے کی اوپن مارکیٹ میں 100 کلو گندم کی قیمت 13,650 روپے تک پہنچ گئی تھی، تاہم حکومت خیبر پختونخوا گندم 10,414 روپے فی 100 کلو کی رعایتی قیمت پر فراہم کرے گی۔انہوں نے اعلان کیا کہ عوام کو آٹا 3,020 روپے فی 20 کلو کی بجائے 2,220 روپے فی 20 کلو کے حساب سے دستیاب ہوگا۔ گندم کی ریلیز کا عمل شفاف اور طے شدہ طریقہ کار کے مطابق ہوگا، صرف مستحق فلور ملز اور مجاز ڈیلرز کو گندم فراہم کی جائے گی۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مقررہ سرکاری نرخوں پر آٹے کی فروخت ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔ ضلع اور تحصیل سطح پر مانیٹرنگ اور فزیکل ویریفکیشن کی جائے گی، جبکہ ذخیرہ اندوزی اور سرکاری نرخوں سے تجاوز کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت خیبر پختونخوا ہر حال میں عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور غریب آدمی کے مفاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔