وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری سے مفتی اعظم پاکستان مفتی منیب الرحمن کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی۔
ملاقات میں ملک میں قیام امن اور استحکام کے لیے مفتی منیب اور دیگر علمائے کرام کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل کے حل کے لیے اقدامات کیے جائیں گے اور ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ مسائل کا جائزہ لیا جائے گا اور قابل عمل حل کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری کی سربراہی میں ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی، جس میں مفتی منیب الرحمن اور دیگر علمائے کرام شامل ہوں گے۔ یہ کمیٹی مسائل کے حل کے لیے قابل عمل سفارشات پیش کرے گی۔
محسن نقوی نے کہا کہ مفتی منیب الرحمن سب کے لیے قابل احترام ہیں اور ہمیشہ اتحاد، اتفاق اور یکجہتی کی بات کرتے ہیں۔ طلال چوہدری نے کہا کہ علمائے کرام کی پاکستان کے لیے خدمات قابل ستائش ہیں اور مفتی منیب الرحمن نے ملک کی سالمیت، ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے دعا کی۔وفد میں علامہ لیاقت حسین اظہری، مفتی عابد مبارک المدنی اور ملک محمد ابراہیم شامل تھے، جبکہ وفاقی سیکرٹری داخلہ محمد خرم آغا، آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔