اچکزئی سے نواز کے اچھے تعلقات ،پی ٹی آئی والے 2نہیں 5نمبری کررہے
سیاست کا محور شخصیت نہیں ملک ہو،گفتگو سے مسائل حل ہوتے:خواجہ آصف
اسلام آباد (بیورو رپورٹ)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بہت سے ممالک جے ایف 17 تھنڈر طیارے خریدنے کیلئے تیار ہیں۔دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ معرکہ حق کے بعد جے ایف 17 تھنڈر کی بہت ڈیمانڈ ہے، جے ایف 17 کی اہمیت یورپین جہازوں سے زیادہ بڑھ گئی ہے، یہ نہیں بتا سکتا کہ کس ملک کے ساتھ ہم معاہدہ کرنے جا رہے ہیں۔خواجہ آصف نے محمود خان اچکزئی اور نواز شریف کے دوستانہ تعلق کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ محمود خان اچکزئی کے نوازشریف اور میرے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، اْن سے اختلاف ہو سکتا ہے مگر اْن کی سیاست مسلمہ ہے۔خواجہ آصف نے کہاکہ پی ٹی آئی والے دو نمبری نہیں پانچ نمبری کر رہے ہیں، سیاست کا محور شخصیت نہیں ملک ہونا چاہئے، دعا گو ہوں محمود اچکزئی کی تقرری سے ایوان کا تقدس برقرار رہے، سینیٹ میں بھی اپوزیشن لیڈر کا تقرر جلد ہوجائے گا۔ گفت و شنید نیک نیتی سے ہوجائے تو سارے مسئلے حل ہو جاتے ہیں، چیف الیکشن کمشنر کے تقرر کا مسئلہ بھی حل ہو جائے گا۔