شہر قائد میں ایک اور بڑا حادثہ وقوع پذیر ہونے سے بچ گیا، جب اورنگی ٹاؤن رحمت چوک میں ایک چھوٹا بچہ نالے میں گرنے سے بال بال بچ گیا۔
واقعہ کی تفصیلات کے مطابق، انتظامیہ کی غفلت کے باعث نالہ کا ٹوٹا ہوا حصہ اچانک بچے کے سامنے آ گیا، اور وہ اس میں جا گرا۔خوش قسمتی سے، بچے نے خود کو سنبھالا اور چیخ و پکار کے ذریعے مدد طلب کی۔ اس کے کم عمر ساتھی دوست نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسے نالے سے باہر نکال لیا۔علاقہ مکینوں کے مطابق، یہ نالہ گلی کے کونے سے گزر رہا ہے اور اس کا بڑا حصہ ٹوٹا ہوا ہے، جس کی وجہ سے کسی بھی وقت بڑا حادثہ پیش آ سکتا تھا۔ علاقے کے لوگوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر نالے کی مرمت کی جائے تاکہ آئندہ اس قسم کے حادثات سے بچا جا سکے۔