ویب ڈیسک: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان اب ایک اور مارشل لا کا متحمل نہیں ہوسکتا۔
بلاول بھٹو زرداری نے آکسفورڈ یونیورسٹی میں اپنے لیکچر کے دوران کہا کہ پاکستان کا مستقبل آئین کی بالادستی، آزاد عدلیہ اور آزاد صحافت سے جڑا ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی والدہ بینظیر بھٹو نے انہیں انتقام نہیں بلکہ جمہوریت کی راہ پر چلنا سکھایا، اسی لیے وہ ہمیشہ کہتے ہیں کہ "جمہوریت بہترین انتقام ہے"۔بلاول بھٹو نے کہا کہ جمہوریت کے فوائد عوام تک پہنچانے کے لیے ان کی والدہ کی کاوشیں بے مثال ہیں۔ انہوں نے بینظیر بھٹو کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان پر کئی بار حملے کیے گئے، مگر وہ بلاخوف سیاست میں فعال رہیں اور پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعظم بن کر خواتین کے لیے راستے کھولے۔چیئرمین پیپلزپارٹی نے مزید کہا کہ آج پنجاب کی وزیراعلیٰ بھی ایک خاتون ہیں، جو پاکستان میں خواتین کے سیاسی سفر کی تسلسل کا ثبوت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ بینظیر بھٹو کی زندگی پاکستان کے بہتر مستقبل کے لیے وقف تھی، اور ان کے نظریات آج بھی ملک کی ترقی کا راستہ دکھاتے ہیں۔