اسلحہ ڈیلرز کیلئے ڈیجیٹل انوینٹری لازم، 26 اگست ڈیڈ لائن

تمام ڈیلرز سٹاک،خرید و فروخت کا ریکارڈ آن لائن پورٹل پر درج کرنے کے پابند 
لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب میں تمام اسلحہ ڈیلرز کے لیے ڈیجیٹل انوینٹری لازمی قرار دیتے ہوئے آن لائن پورٹل پر درج کرنے کے لیے 26 اگست تک کی ڈیڈ لائن مقرر کردی۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے محفوظ اور غیر قانونی اسلحہ سے پاک پنجاب کے وڑن کے تحت محکمہ داخلہ پنجاب نے تمام اسلحہ ڈیلرز کے لیے ڈیجیٹل انوینٹری لازمی قرار دے دی۔محکمہ داخلہ پنجاب نے بتایا کہ صوبے میں بزنس آرمز لائسنس ہولڈرز کے لیے انوینٹری ماڈیول نافذ کردیا گیا ہے، جس کے تحت تمام اسلحہ ڈیلرز اپنے  سٹاک اور ہر قسم کی خرید و فروخت کا ریکارڈ آن لائن پورٹل پر درج کرنے کے پابند ہوں گے۔محکمہ داخلہ نے تمام اسلحہ ڈیلرز کو موجودہ سٹاک کی مکمل تفصیلات آن لائن پورٹل پر درج کرنے کے لیے 26 اگست تک کی ڈیڈ لائن مقرر کردی ہے۔اسلحہ ڈیلرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ مقررہ تاریخ تک اپنے موجودہ سٹاک کا مکمل ریکارڈ اپ لوڈ کریں۔ تفصیلات درج نہ کرنے پر لائسنس معطل، کاروبار سیل اور جرمانہ عائد کیا جاسکتا ہے۔