پنجاب ، بلدیاتی الیکشن کا بگل بج گیا

 15 دسمبر سے 15 جنوری کے درمیان بلدیاتی انتخابات،الیکشن کمیشن اور صوبائی حکومت متفق 
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت صوبہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی تاریخ مقرر کرنے سے متعلق گزشتہ روز اجلاس ہوا، اجلاس میں ممبران الیکشن کمیشن نثار احمد دْرانی ، شاہ محمد جتوئی، بابر حسن بھروانہ اور جسٹس (ر)اکرام اللہ شریک ہوئے۔ پنجاب حکومت کی طرف سیچار رکنی کابینہ کمیٹی صوبائی وزیرلوکل گورنمنٹ ذیشان رفیق کی سربراہی میں شریک ہوئی، جس میںوزیر مائنز اینڈ منرل سردار شیر علی گورچانی ،وزیرزراعت سید محمد عاشق حسین شاہ اور وزیرتعلیم رانا سکندر حیات شامل تھے۔ میٹنگ میں چیف سیکرٹری پنجاب اور سپیشل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ (LG & CD) بھی شریک ہوئے، سیکرٹری الیکشن کمیشن اور الیکشن کمیشن افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ چیف الیکشن کمشنر نے بلدیاتی حکومتوں کے قیام کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ آئین پاکستان کے آرٹیکل 140-A کے تحت بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ایک آئینی تقاضا ہے اور الیکشنز ایکٹ کی دفعہ 219(4) کے تحت بلدیاتی حکومتوں کی میعاد ختم ہونے کے 120 دن کے اندر الیکشن کمیشن بلدیاتی انتخابات کروانے کا پابند ہے،الیکشن کمیشن کو بریف کیا گیا کہ پنجا ب میں حلقہ بندی کا عمل مکمل ہوچکا ہے،الیکشنز ایکٹ 2017 کی دفعہ (3)219اور پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ کی دفعہ 59کے تحت بلدیاتی انتخابات کی تاریخ کے اعلان کیلئے صوبائی حکومت سے مشاورت ضروری ہے۔پنجاب مشاور تی کمیٹی کے کنوینر صوبائی وزیرلوکل گورنمنٹ ذیشان رفیق نے الیکشن کمیشن کو بریف کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب صوبہ میں بلدیاتی انتخابات کروانے کیلئے پرعزم ہیں اور انہوں نے اس کمیٹی کو مشاورت کا مکمل اختیار دیا ہے، انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے بلدیاتی انتخابات کا پراسس شروع کرنا ہے اور (Resources) کی مناسب فراہمی کیلئے بھی وقت درکار ہے، اس کے علاوہ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے عمل میں ٹیچنگ سٹاف کی خدمات زیادہ درکا ر ہوتی ہیں،لہذا بلدیاتی انتخابات 15دسمبر 2026 سے 15جنوری 2027 کو کروانا زیادہ مناسب ہے ،کیونکہ اس دوران بچوں کے امتحانات بھی ہوچکے ہونگے، اور صوبہ میں دھند (Fog) کا مسئلہ بھی نہیں ہوگا۔چیف سیکرٹری نے الیکشن کمیشن کو بریف کیا کہ صوبائی حکومت مذکورہ بالا تواریخ کے دوران صوبہ میں مرحلہ وار انتخابات کروانا چاہتی ہے تاکہ ان انتخابات کے لیے مناسب سکیورٹی کی فراہمی اور بہتر انتظاما ت کییجاسکیں،الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومت کی 15دسمبر 2026سے 15جنوری 2027 کے دوران بلدیاتی انتخابات کروانے کی تجویز سے اصولی طور پر اتفاق کیا اور کہا کہ اگر صوبائی حکومت مرحلہ وار ( in Phases) بلدیاتی انتخابات کروانا چاہتی ہے تو اس سلسلے میں جلد ازجلد اپنا پلان الیکشن کمیشن کے سامنے مشاورت کیلئے پیش کرے۔ چیف الیکشن کمشنر نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے سلسلے میں پنجاب کابینہ کی کمیٹی کی تجاویز کو سراہا اور کہا کہ اس سے ایک آئینی ذمہ داری کو مکمل کرنے کی راہ ہموار ہوگی۔