لاپتہ برطانوی ایتھلیٹکس کوچ کے مراکش میں جنسی زیادتی کے جرم میں قید ہونے کا انکشاف

بپٹسٹ کامن ویلتھ گیمز میں طلائی تمغے کے فاتح رہ چکے ہیں اور حالیہ عرصے میں برطانیہ کے کئی نمایاں اسپرنٹرز کو کوچنگ فراہم کر رہے تھے
لندن (آئی این پی)برطانوی ایتھلیٹکس کوچ اور سابق گولڈ میڈلسٹ لیون بپٹسٹ کے بارے میں انکشاف ہوا ہے کہ وہ مراکش میں نابالغ سے جنسی زیادتی کے جرم میں قید کی سزا کاٹ رہے ہیں۔برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق 41 سالہ بپٹسٹ مئی سے منظرعام سے غائب تھے اور حال ہی میں برطانوی میڈیا میں ان کے لاپتہ ہونے کی خبریں سامنے آئی تھیں۔بپٹسٹ 2010 کی کامن ویلتھ گیمز میں 200 میٹر کے طلائی تمغے کے فاتح رہ چکے ہیں اور حالیہ عرصے میں برطانیہ کے کئی نمایاں اسپرنٹرز کو کوچنگ فراہم کر رہے تھے۔مئی میں انہوں نے اپنے زیرِ تربیت ایتھلیٹس کو مختصر پیغام بھیجا تھا کہ وہ کچھ عرصے تک ٹریننگ سے دور رہیں گے تاہم کوئی وجہ نہیں بتائی گئی۔مراکش کی وزارتِ انصاف کے ایک ذرائع نے تصدیق کی کہ بپٹسٹ کو مئی میں مراکش میں گرفتار کیا گیا جہاں عدالت نے انہیں جرم ثابت ہونے پر ابتدائی طور پر 10 ماہ قید کی سزا سنائی جسے اپیل کے بعد کم کرکے آٹھ ماہ کردیا گیا۔