ہر اسلحہ ڈیلر کو اپنے پاس موجود بندوقوں، گولیوں اور دیگر متعلقہ سٹاک کی مکمل تفصیلات محکمہ داخلہ کے آن لائن پورٹل پر درج کرنا ہوں گی
لاہور(آئی این پی )محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبے بھر کے تمام اسلحہ ڈیلرز کیلئے ڈیجیٹل انوینٹری لازمی قرار دیتے ہوئے موجودہ سٹاک اور خرید و فروخت کا مکمل ریکارڈ آن لائن پورٹل پر درج کرنے کی ہدایت کر دی۔ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق پنجاب میں بزنس آرمز لائسنس (بی اے ایل )ہولڈرز کیلئے انوینٹری ماڈیول نافذ کر دیا گیا ہے، اب ہر اسلحہ ڈیلر کو اپنے پاس موجود بندوقوں، گولیوں اور دیگر متعلقہ سٹاک کی مکمل تفصیلات محکمہ داخلہ کے آن لائن پورٹل پر درج کرنا ہوں گی، جبکہ خرید و فروخت کا ریکارڈ بھی آن لائن اپ ڈیٹ کیا جائے گا۔محکمہ داخلہ نے اسلحہ ڈیلرز کے موجودہ سٹاک کی آن لائن انوینٹری مکمل کرنے کیلئے 26 اگست 2026 کی ڈیڈ لائن مقرر کی ہے، ڈیلرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ مقررہ تاریخ تک اپنے تمام موجودہ سٹاک کا مکمل اندراج یقینی بنائیں۔