لیسکوکا شاٹ فال 200میگاواٹ طلب 2600،نیشنل گرڈ سے 2400میگا واٹ بجلی مل رہی
لاہور ( کرائم رپورٹر)لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی میں بجلی کی طلب بڑھ گئی اور شاٹ فال 200میگا واٹ ہوگیا جبکہ کراچی میں 12گھنٹے سے زائد کی لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیر ن کردی۔تفصیلات کے مطابق لیسکو میں بجلی کی طلب 2600میگا واٹ تک پہنچ گئی جبکہ نیشنل گرڈ سٹیشن سے لیسکو کو 2400 میگاواٹ بجلی فراہم کی جارہی ہے،لیسکو کا شارٹ فال 200 میگاواٹ ہے۔لیسکو زرائع کا کہنا ہے کہ شہری علاقوں میں تین سے چار گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے جبکہ ہائی لاسز والے فیڈرز پر غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے، دیہی علاقوں میں پانچ گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ آئیسکو ریجن میں بجلی کی موجودہ طلب تقریبا 700 میگا واٹ ہے، ریجن بھر میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ترجمان آئیسکو کے مطابق تاحال آئیسکو ریجن میں کہیں بھی لوڈ مینجمنٹ نہیں کی جا رہی۔صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے مختلف علاقوں میں اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ 12 گھنٹوں سے تجاوز کرگئی ہے ،گرمی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگیا جس سے معمولات زندگی درہم برہم ہوکر رہ گئے ہیں۔کراچی میں کورنگی، سرجانی ٹائون، لیاقت آباد اور صدر سمیت مختلف علاقوں میں بدترین لوڈشیڈنگ نے کمرشل علاقوں کے ساتھ رہائشی علاقوں کو بھی متاثر کیا ہے، کاروبار اور تعلیمی سرگرمیاں شدید متاثر ہیں۔ صوبہ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 16 گھنٹے تک پہنچ گیا جبکہ کوئٹہ میں 4 سے 6 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ سے عوام پریشان ہے، بلوچستان کے دیگر اضلاع میں 8 سے 10 گھنٹے کی بجلی بندش معمول بن گئی ہے۔