ریسکیو 1122 نے زخمیوں کو ہسپتال پہنچانے میں بروقت خدمات فراہم کیں
لاہور (کرائم رپورٹر)ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ نے گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں 1610 ٹریفک حادثات پر ریسپانڈ کیا۔ ان میں 777 افراد شدید زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر نزدیکی ضلعی و تحصیل کے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جبکہ 1076 معمولی زخمیوں کو جائے حادثہ پر بروقت طبی امداد دی گئی، جس سے ہسپتالوں پر بوجھ کم ہوا۔ حادثات میں زیادہ تر (77 فیصد) موٹر سائیکل سوار متاثر ہوئے۔ ریسکیو 1122 کے اعداد و شمار کے مطابق، متاثرین میں 1043 ڈرائیور، 81 کم عمر ڈرائیور، 606 مسافر اور 221 پیدل چلنے والے شامل ہیں۔ لاہور میں 296 حادثات اور 358 متاثرین رپورٹ ہوئے، جبکہ فیصل آباد اور ملتان بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے۔ زخمیوں میں 1529 مرد اور 341 خواتین شامل ہیں، جن کی اوسط عمر مختلف عمر کے گروپس میں تقسیم ہے۔